بنگلورو، 25/دسمبر (ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے منگلورو میں شہریت قانون کے خلاف احتجاج کے دوران تشدد کے متعلق منگلورو پولیس کی طرف سے جاری کئے ویڈیو پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ اایسا نہیں لگتا کہ متعلق ویڈیو منگلورو کے تشدد کا ہے۔ کیونکہ پولیس بھی یہ واضح طور پر بتانے میں ناکام ہے کہ پتھراؤ کے دوران جو گاڑیاں ہیں وہ منگلورو کی ہیں یا کسی اور مقام کی۔ ٹوئٹر کے ذریعہ اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے کمارسوامی نے کہا ہے کہ منگلورو پولیس کی طرف سے جو ویڈیو اور تصاویر جاری کی گئی ہیں ان کے بارے میں عوامی حلقوں میں لمبی بحث چھڑ چکی ہے اور کئی حلقوں میں ان کی اصلیت پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کی حمایت و ہر گز نہیں کرتے لیکن بحیثیت اپوزیشن رہنما انہیں شبہ ہے کہ منگلورو میں جو کچھ ہواس سے نپٹنے میں پولیس بری طرح ناکام رہی اور اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے اب وہ جھوٹ کا سہارا لینے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ طور پر انتہائی حساس علاقہ ہونے کے باوجود منگلورو کافی عرصے سے پُرامن رہا۔ اب اچانک ایک احتجاج کو بنیاد بنا کر اگر اس شہر میں حالات کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی ہے تو اس کے پیچھے کونسی طاقتیں کارفرما ہیں یہ سچائی سامنے لانی چاہئے۔